لاہور... قومی اسمبلی کے اسپیکرسردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ نوازشریف نے کسی بھی ادارے کے خلاف بات نہیں کی وہ اب بھی میرے دل میں وزیراعظم ہیں ۔ انتخابی اصلاحاتی بل پر بحث جمعرات یا جمعہ کو متوقع ہے۔ منگل کو جاتی امراءمیں نوازشریف کی زیرصدارت اہم مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ نااہلی کے معاملے پر جو ہونا تھا وہ ہوگیا۔ اب ہمیں آگے چلنا اور اصلاحاتی ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نے ریلی کی صورت میں صرف اپنے گھر آنا تھا۔انہوں نے عدلیہ سمیت کسی بھی ادارے کے خلاف کوئی بات کی اور نہ تنقید کی۔جو ہوگیا بس اسے چھوڑیں اور آگے بڑھیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نوازشریف عوام کے مقبول رہنما ہیں۔ملک کے کونے کونے سے لوگ انہیں دیکھنے کیلئے بے تاب ہیں ۔ہر جگہ انہیں خوش آمدید کہا جاتا ہے۔ وہ عوام کے جذبے اور اپنی سیاسی بصیرت کو دیکھتے ہوئے جہاں مناسب سمجھیں گے وہاں جائیں گے۔