جدہ براہ راست پہنچے والوں کو حج بعد مدینہ لیجانے کا پروگرام
مکہ مکرمہ (جاوید راہو) مدینہ منورہ کی رحمتیں اور برکتیں سمیٹنے کے بعد پاکستانی عازمین حج کے قافلے عمرہ اور حج کی ادائیگی کیلئے مکہ مکرمہ کی طرف روانہ ہوگئے۔ مدینہ منورہ میں حج پروازیں 24 جولائی سے 9 اگست تک جاری رہیں جن کے ذریعے کل 47 ہزار 191 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچے تھے۔ 8 دن تک شہر نبی صلی اللہ علیہ وسلم میں رہے اور روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری کی سعادت حاصل کرتے رہے۔ انہو ںنے تاریخی مقامات جنت البقیع، مسجد قبا، مسجد قبلتین، مسجد جمعہ، مقام غزوہ خندق اور احد کی زیارتیںبھی کیں۔ 19 اگست تک سرکاری اسکیم کے تمام عازمین حج کو مکہ مکرمہ روانہ کر دیا جائے گا۔ عازمین حج کی روانگی کیلئے اس سال جدید بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ روانگی کی اطلاع کیلئے ایک دن قبل ہوٹل میں فہرست آویزاں کر دی جاتی ہے جس میں پابندی وقت کی خاص تاکید کی جاتی ہے۔ سامان کی لوڈنگ اور عازمین حج کی روانگی مکتب پاکستان، مکتب الوکلاء اور پاکستان حج مشن کے نمائندوں کی مشترکہ ذمہ داری ہوتی ہے جو عازمین حج پاکستان سے براہ راست جدہ پہنچے ہیں وہ حج کے بعد اپنی واپسی سے 8دن قبل مدینہ منورہ پہنچائے جائیں گے۔