چنیوٹ... پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف نے اپنا دور اقتدار پورا کر لیا۔ اب وہ دن میں اقتدار کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنسو بہانے اور مظلومیت ظاہر کرنے سے اب کچھ ہاتھ نہیں آنے والا۔ کچھ لوگ آج بھی نواز شریف کو وزیر اعظم کا لقب دے کر عدلیہ آئین و قانون اور جمہوریت کی کھلم کھلا توہین کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور ان کے حواری نواز شریف کو اقتدار کے سبزباغ دکھانے میں لگے ہوئے ہیں ۔ بات بہت دور جا چکی ہے۔ پیپلز پارٹی ملکی حالات کو بدلنے کی طاقت اور صلاحیت رکھتی ہے۔ چنیوٹ میں صحافیوں سے ملکی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب ملک کی2 بڑی سیاسی جماعتیں الزام تراشی اور گالم گلوچ کی بنیاد پر سیاست کررہی ہیں۔ اس نظام کو جمہوریت کہنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔ اب کسی بھی صورت مسلم لیگ ن کےلئے لچک نہیں رکھتے اور نہ ہی اتحاد کا سوال پیدا ہوتا۔ چہ مگوئیاں کرنے والے اپنے دماغ صاف کر لیں۔ پیپلز پارٹی اپنے ایجنڈے اور منشور کی بنیاد پر چلے گی۔ کسی بھی غیر جمہوری نظام کی بات کرنے والوں سے مل کر سیاست میں زندہ رہنے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔