نئی دہلی .... ہند نے سکم اور ارونا چل پردیش میں چین کیساتھ اپنی پوری سرحد پر مزید فوج بھیج دی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مشرقی سیکٹر میں فوج کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔ حکومت نے صورتحال کے تفصیلی تجزیے اور چین کے جارحانہ موڈ کو دیکھتے ہوئے سکم سے ارونا چل پردیش تک 1400کلو میٹر کی چین، ہند سرحد پر فوج کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ان افسروں نے اپنا نام نہ بتانے کی شرط پر کہا کہ سرحد پر مزید فوج بھیجی گئی ہے۔ آسام اور ارونا چل پردیش میں فوج سے کہا گیا ہے کہ وہ حساس سرحد پر چوکسی تیز کردے۔ ان افسروں نے یہ نہیں بتایا کہ کتنی تعداد میں فوج تعینات کی گئی۔ دفاعی ماہرین کے مطابق تقریباً45ہزار فوجی تیاری کی حالت میں رہتے ہیں لیکن ضروری نہیں کہ ان سب کو سرحد پر تعینات کیا جائے۔ ان فوجیوں کو 9ہزار فٹ کی بلندی پر تعینات کرنے سے قبل 14دن کی خصوصی تربیت بھی دی جاتی ہے تاکہ وہ وہاں کے ماحول سے مطابقت پیدا کرسکیں۔