Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
جمعرات ، 19 جون ، 2025 | Thursday , June   19, 2025
جمعرات ، 19 جون ، 2025 | Thursday , June   19, 2025

بوئنگ777اڑانے والی ہندوستانی خاتون پائلٹ

نئی دہلی ...... دنیا میں شاید یہ پہلی خاتون پائلٹ ہیں جنہوں نے کبھی بھی فضائی مسافر کی حیثیت سے سفر نہیں کیا۔ 20سال کی عمر میں ہندوستان کی عینی دیویا دنیا کی کم عمر ترین پائلٹ ہیں جو بوئنگ 777اڑاتی ہیں۔ انہوں نے 17سال کی عمر میں پائلٹ بننے کی ٹریننگ حاصل کی ۔ انہیں انگریزی زبان پر عبور بھی حاصل نہیں تھا۔ اس وقت وہ ایئر انڈیا میں پائلٹ کی حیثیت سے کام کرتی ہیں اور ممبئی میں رہتی ہیں۔ انکا کہناتھا کہ پہلی مرتبہ میں طیارے میں سوار ہوئی تو پائلٹ کی حیثیت سے ہوئی۔ ہم متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور طیاروں میں سفر کرنے کے مواقع نہیں ملے۔ بوئنگ 777میں 396مسافروں کی گنجائش ہوتی ہے۔عینی آندھرا پردیش کے شہر وجے واڑہ میں پیدا ہوئیں اور انکا کہناہے کہ میں صرف اپنے والدین کی مدد سے ہی اس مقام تک پہنچی ہوں۔ بچپن سے ہی میں آسمانوں پر جہاز اڑتے دیکھتی تھی۔ میں ان جہازوں کو ہاتھ لگانا چاہتی تھی اور خود بھی بادلوں میں اڑنا چاہتی تھی۔ اکثر طیاروں کے بارے میں بات کرتی تو میری ماں مجھے کہا کرتی تھی کہ تم پائلٹ بن جاﺅ تو پھر میں نے محسوس کیا کہ اس خواب کی تعبیرملنی چاہئے۔ 17سال کی عمر میں ، میں نے اندرا گاندھی راشٹریہ اڑان اکیڈمی کے فلائنگ اسکول میں داخلہ لیا۔ اچھی کارکردگی کی بنیاد پر اسکالر شپ مل گیا اور 19سال کی عمر میں ، میں ٹریننگ مکمل کرچکی تھی۔ اس کے بعد ممبئی آگئی جہاں ایئر انڈیامیں ملازمت اختیار کی۔ والدین وجے واڑہ میں ہی تھے۔ ممبئی میں میرے لئے اکیلے رہنا مشکل تھا۔ انگریزی سیکھنا اور پھر اپنے اساتذہ کیساتھ باتیں کرنا بھی ایک سردرد تھا لیکن میں نے اپنے آس پاس کے لوگوں سے بہت کچھ سیکھا۔ اسکے بعد ایڈوانس ٹریننگ کیلئے لندن گئی جہاں میں نے پہلی مرتبہ بوئنگ 777اڑایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑے حوصلے کی بات ہے کیونکہ بے شمار زندگیاں آپ پر انحصار کرتی ہیں۔ ان سے سوال کیا گیا کہ کیا خاتون ہونے کے ناتے کامیابی حاصل کرنا مشکل تھا تو ان کا کہناتھا کہ اس پروفیشن میں بھی وہی چیلنجز ہیں جنکا سامنا خواتین دیگر پیشوں میں کرتی ہیں۔عینی ماہانہ 70سے 80گھنٹے تک طیارے اڑاتی ہیں۔ انکا کہناہے کہ پائلٹ کی یونیفارم پہننا میرے لئے باعث فخر ہے۔

شیئر: