نئی دہلی .... ہندوستانی جریدے ٹائمزآف انڈیا نے اطلاع دی ہے کہ ہندوستانی پولیس نے سعودی عرب میں روزگار کے خواہشمندوں کو دھوکہ دینے والی ٹریولنگ ایجنسی کے مالک اور ڈائریکٹر کو گرفتار کرلیا۔ اس معاملے میں 5ملزمان کے نام لئے جارہے ہیں۔ ہندوستانی پولیس کا کہناہے کہ ایجنسی نے دسمبر 2016ءکے دوران سعودی عرب میں ملازمتوں کیلئے درخواستیں طلب کی تھیں۔ ایک شخص نے درخواست پیش کی ۔ اس سے ایک لاکھ روپے طلب کئے گئے۔35ہزار پیشگی ادا کرنے کی ہدایت کی گئی۔امیدوار نے 23دسمبر کو پیشگی رقم اور پاسپورٹ ایجنسی کے حوالے کردیا تھا تاہم کئی ماہ گزر جانے کے باوجود اسے نہ پاسپورٹ واپس کیا گیا اور نہ ہی رقم لوٹائی گئی اور نہ ہی ملازمت کی بابت کوئی اطلاع دی گئی۔ اس نے پولیس اسٹیشن جاکر رپورٹ درج کرادی۔ اسکے بعد ایک اور شخص نے 80ہزار روپے لینے کی شکایت درج کرائی۔ پولیس نے تحقیقات کرکے پتہ چلایا کہ مذکورہ ایجنسی جھوٹے وعدے کرکے 19افراد سے 20لاکھ ریال اینٹھ چکی تھی۔