واشگٹن ...امریکہ ایوانِ نمائندگان کے ا سپیکر اور رپبلکن جماعت کے رہنما پال رائن بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت سے دستبردار ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ خواتین سے دست درازی سے متعلق بیان سامنے آنے کے بعد صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا دفاع نہیں کروں گا۔واضح رہے ڈونلڈ ٹرمپ کی خواتین کے بارے میں نازیبا گفتگو کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد شدید مشکلات میں ہیں۔ رپبلکن پارٹی کے ایک درجن کے قریب سینیئر رہنماؤں نے کہا ہے کہ وہ ٹرمپ کو ووٹ نہیں دیں گے۔ا سپیکر پال رائن نے کہا کہ اب توجہ کانگریس میں اپنی جماعت کی نشستیں بچانے پر مرکوز ہو گی تاہم پارٹی کے صدارتی امیدوار کی توثیق ختم نہیں کروںگا ۔ انہوں نے کہا کہ اپنی تمام توانائی اس بات کو یقینی بنانے پر صرف کروں گا کہ ہیلری کلنٹن کو ڈیموکریٹ اکثریتی کانگریس کا بلینک چیک نہ ملے۔انھوں نے ساتھی رہنماؤں سے کہا ہے کہ وہ اپنے حلقوں میں وہ سب کریں جو ان کے لیے بہترین ہو۔پال رائن کے اس بیان کے بعد صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پال رائن کو لڑائی میں اپنا وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے۔