جدہ ....وزارت حج و عمرہ نے ارض مقدس آنےوالے عازمین کے استقبال کیلئے خصوصی تیاریاں کررکھی ہیں۔کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حج ٹرمینل پر آنے والے عازمین کااستقبال اسلامی ترانوں(نشید) سے کیا جاتا ہے۔عازمین پرپھول نچھاور کئے جاتے ہیں اور انہیں زمزم و کھجور پیش کی جاتی ہے۔استقبالیہ کمیٹی ہر آنے والی فلائٹ کے عازمین کا اسی طرح سے استقبال کرتی ہے۔ وزارت حج و عمرہ نے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے علاوہ دیگر تمام ہوائی اڈوں پر بھی اسی طرح کے انتظامات کررکھے ہیں۔ وزارت نے عازمین کے مسائل کے فوری حل کےلئے ایئرپورٹ کے علاوہ مکہ مکرمہ میں مختلف مقامات پر شکایات سینٹر قائم کئے ہوئے ہیں۔سعودی عرب کے بارے میں بہتر تصور دینے کےلئے عازمین کو ہر طرح کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ اسی طرح مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر استقبالیہ کمیٹیاں عازمین کا استقبال کرتی ہیں۔ الادلاءادارے کے تعاون سے عازمین کا استقبال کرنے کیلئے طلباءکو بھی بھرتی کیا گیا ہے۔ مدینہ منورہ میں روایتی مدنی انداز میں عازمین کا استقبال کیا جاتا ہے۔ قدیم زمانے میں جس طرح سے اہل مدینہ عازمین کا استقبال کرتے تھے اسی طریقے پر آج عازمین کا استقبال کیا جارہا ہے۔