لاہور...وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ نیا پاکستان بنانے کے دعویدار عناصر پرانے پاکستان کو بھی بگاڑ رہے ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جھوٹ بولنے کا ورلڈ ریکارڈ بنانے والے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے۔ سیاست دیانت داری اور ایمانداری کے ساتھ عوام کی خدمت کا نام ہے۔پاکستان مسلم لیگ نے یہ خدمت بہت اچھے طریقے سے انجام دی ہے۔ لوگ اب بھی نواز شریف سے محبت کرتے ہیں ۔بے بنیاد الزامات لگانے والے سیاستدانوں کو ہر الیکشن میں شکست ہوئی ہے۔آگے بھی ہوگی۔انہوںنے کہا کہ نیازی صاحب نے دھرنوں اور لاک ڈاون کے ذریعے ملکی ترقی کے خلاف سازش کی ۔ دھرنوں کی سیاست سے پاکستان کئی سال پیچھے چلا گیا تاہم باشعور عوام جھوٹ کے ماہر سیاستدان کی منفی سوچ اور انتشار پر مبنی سیاست سے تنگ آچکے ہیں۔ انہیں اب مزید گمراہ نہیں کیا جاسکتا۔قوم ایسے سیاسی عناصر کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔