نیویارک ۔۔۔۔۔۔ مشرق وسطیٰ کے لیے اقوام متحدہ کے امن ایلچی ’نیکولائے ملادنینوو‘ نے کہا ہے کہ فلسطینی قوم اپنے مذہبی تشخص کے تحفظ اور اس کی بقا کے حوالے سے فکرمند ہیں ۔امن بات چیت کا سلسلہ بحال نہ ہوا تومشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا۔عرب ٹی وی کے مطابق نیویارک میں بیت المقدس میں حرم قدسی میں اسرائیلی پابندیوں کے تناظر میں منعقدہ اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے مندوب نے زور دیا کہ اسرائیل تشدد آمیز اقدامات سے گریز کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں فلسطین میں سیاسی بات چیت کا آغاز کرے۔یو این مندوب کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم اپنے دینی تشخص کے حوالے سے پریشان ہیں۔ وہ تنہائی اور خطرہ محسوس کرتے ہیں۔