جدہ۔۔۔۔۔حالیہ ایام کے دوران غیر منقولہ جائدادوں کی مارکیٹ میں رونما ہونیوالی 5تبدیلیوں نے کرایہ مارکیٹ میں اصلاحات کا آغاز کردیا۔ گزشتہ 6برسوں کے دوران رہائشی عمارتوںکے کرائے 100فیصد سے زیادہ بڑھ گئے تھے۔ جائدادوں اور مالیاتی امور کے حلقوں نے عندیہ دیا ہے کہ غیر ملکی کارکنان کے مرافقین پر فیس عائد کرنے کی وجہ سے مملکت سے سالانہ کم از کم ایک لاکھ60ہزار خاندان وطن واپس چلے جائیں گے اس سے عمارتوں پر دباؤ کم ہوگا اور کرائے گرینگے۔ علاوہ ازیں خالی پلاٹس پر ٹیکس وزارت آباد کاری کی اسکیموں ،حد سے زیادہ مکانات کی فراہمی اور مختلف حل مہیا ہونے کے باعث بھی کرائے کم ہونگے۔جدہ ایوان صنعت و تجارت میں زمینوں کی قیمت متعین کرنے والی کمیٹی کے سربراہ عبداللہ الاحمری نے عکاظ کو بتایا کہ حالیہ برسوں کے دوران عمارتیں بنوانے کا رجحان بڑھاہے۔ مقامی شہریوں نے بھاری سرمایہ مکانات بنانے پر خرچ کیا اس کی وجہ سے مکانات کثیر تعداد میں قائم ہوگئے۔ کرائے 20سے 25فیصد کم ہوئے ہیں۔ موجودہ صورتحال انتہائی فطری ہے ۔ گزشتہ برسوں کے دوران کرائے 100فیصد سے زیادہ بڑھ گئے تھے۔ 5سے 8ہزار ریال تنخواہ پانے والے انتہائی آزمائش میں تھے۔