وزیرصحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ امسال حج موسم متعدی اور وبائی بیماریوں سے پاک تھا۔ بہترین حج منصوبہ بندی کی کامیابی پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز ، ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف اور نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ منیٰ میں مقامی اور غیرملکی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرصحت نے کہا کہ وزارت نے امسال حجاج کی خدمت کے لئے مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اور مشاعر مقدسہ میں 25اسپتال مہیا کئے ۔ 158صحت مراکز کے علاوہ 26ہزار طبی عملے نے حج منصوبے پر کام کیا۔اس اثناءمیں حرم مکی شریف جنرل اسپتال برائے ہنگامی حالات کا بھی افتتاح کیا۔ یہ حرم مکی شریف کے بالکل قریب ہے جہاں 20بستروں کی گنجائش ہے۔ عرفات میں 10صحت مراکز کام کررہے تھے۔ جمرات پل کے قریب ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے خصوصی انتظام کئے گئے۔ 6لاکھ 90ہزارحاجیوں کی مختلف قسم کی ویکسینیشن کی گئی۔ وزارت صحت نے فضائی ، بری اور بحری اڈوں میںاہلکار متعین کردئیے تھے جو ارض مقدس پہنچتے ہی حجاج کو طبی سہولتیں فراہم کررہے تھے۔ دنیا کے کسی بھی ملک سے کوئی بھی ایسا حاجی ریکارڈ پر نہیں آیا جو متعدی یا وبائی مرض میں مبتلا ہو۔ حج ویزا لگنے سے پہلے عازمین کا طبی معائنہ کیا جاتا ہے۔ وزیرصحت نے کہا کہ امسال وزارت کو پیش آنے والا سب سے بڑا مسئلہ گرمی کی شدت تھا۔وزارت کے مختلف مراکز نے مجموعی طور پر سب سے زیادہ سن اسٹروک کے شکار حاجیوں کا علاج کیا۔ وزارت صحت نے کامیاب آگاہی مہم بھی چلائی جس میں حجاج کو ہدایت کی گئی کہ وہ کس طرح سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ تمام صحت مراکز نے آگاہی مہم میں حصہ لیا جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے۔