سفیر پاکستان منظور الحق نے اس سال کے کامیاب اور پرسکون حج پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل السعود کو اپنی اور حکومت پاکستان کی طرف سے مبارکباد دیتے ہوئے اظہارِ مسرت اور اطمینان کیا ہے اور کہا ہے کہ مناسک حج کی کامیاب اور پر امن ادائیگی سعودی اداروں کی مخلص اور انتھک محنت کی عکاس ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امسال حج کی ادائیگی گزشتہ برسوں سے بہتر تھی اور امید ظاہر کی کہ اگلے برسوں میں اس میں مزید بہتری آئے گی۔انہوں نے ان خیالات کاا ظہار اردونیوز سے ٹیلی فون پر بات چیت میں کیا۔منظورالحق نے پاکستانی حجاج اور مملکت میں مقیم اپنے ہموطنوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ برس پاکستان کے لئے مزید خوشحالی ، ترقی اور استحکام کا پیغام لائے گا۔ امت مسلمہ کے لئے بھی اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے اس کے مسائل کے حل کے لئے دعا کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والا سال اس کے لئے بھی خوشحالی، ترقی اور استحکام لائے گا۔