لاہور( این این آئی)مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعظم نیشنل ہیلتھ انشورنس پروگرام کا باقاعدہ افتتاح صوبہ پنجاب میں رواں ماہ کے آخر تک متوقع ہے جس کے لئے تمام تیاریاں کر لی گئی ہیں، پہلے مرحلہ میں چار اضلاع رحیم یارخان،نارووال،خانیوال اور سرگودھا میں ہیلتھ انشورنس اسکیم کا آغاز کیا جارہا ہے۔انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ میں وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔ڈاکٹر سائرہ صدیق نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے ہیلتھ انشورنس پروگرام کے لئے 1.5ارب روپے کی رقم مختص کی ہے جو وزیر اعظم نیشنل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت مذکورہ چار اضلاع میں اس اسکیم پر خرچ کئے جائیں گے اور پنجاب میںPHIMC ہیلتھ انشورنش اسکیم کو چلانے کی ذمہ دار ہو گی -انہوں نے بتایا کہ رحیم یار خان میں ہیلتھ انشورنس کارڈز کی تقسیم شروع کر دی گئی ہے اور دیگر اضلاع میں بھی کارڈز کی تقسیم کا کام آئندہ دو ماہ کے دوران مکمل کر لیا جائیگا۔ انہوںنے کہا کہ دوسرے مرحلے میں مزید 4اضلاع تک اس اسکیم کو توسیع دی جائے گی جن میں لاہور اور فیصل آباد بھی شامل ہیں۔