منی (واس/ نیوز ڈیسک) لاکھوں عازمین نے یوم الترویہ منی میں سکون واطمینان اور عبادات ومناجات میں گزارا ۔ ہفتہ کو عازمین نے ظہر، عصر، مغرب اور عشاء کے علاوہ فجر کی نمازیں ادا کیںجبکہ آج اتوارکو ضیوف الرحمن حج کا رکنِ اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے۔ میدان عرفان میں عازمین ظہر اور عصر کی نمازیں ایک اذان اور2اقامتوں کے ساتھ 2،2 رکعت قصر تقدیم مسجد نمرہ میں پڑھیں گے اور حج کا خطبہ حج سنیں گے۔وزارت حج کے اعلامیہ کے مطابق جمعہ کو عشاء کے بعد ہی 70فیصد عازمین منی پہنچ چکے تھے جبکہ خیمہ بستی میں رات گئے تک تل دھر نے کی جگہ نہیں تھی۔ وزارت داخلہ کے ترجمان جنرل منصور الترکی نے مقامی اور غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ امسال حج منصوبے کا پہلا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا اور مکہ مکرمہ سے منیٰ روانگی میں کوئی رکاوٹ پیش نہیں آئی۔منیٰ میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حج سے متعلق بے بنیاد خبریں پھیلانے والوں کے خلاف ای کرائم کے قوانین کے مطابق معاملہ کیا جائیگا۔ حج سے متعلق خبریں سرکاری ذرائع سے لی جائیں۔انہوں نے کہاکہ ہمیں معلوم ہے کہ بعض ذرائع حج سے متعلق غلط خبریں پھیلا کر انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انکے خلاف سختی سے نمٹا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ یوم الترویہ انتہائی سکون سے گزرا اور حج ماحول کو مکدر کرنے والا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ جنرل منصور الترکی نے کہا کہ سیکیورٹی ادارے حج کے ماحول کو مکدر کرنے کی کوشش سے باخبر ہیں۔ ہمیں معلوم ہے کہ بعض عناصر مقدس فریضہ کو ذاتی مقاصد کے حصول کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ اس سے بچنے کیلئے وزارت داخلہ نے مکہ مکرمہ کے علاوہ مشاعر مقدسہ کے چپے چپے میں سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے ہیں۔ یہ سیکیورٹی اہلکار حجاج کی امن وسلامتی کو یقینی بنانے کیلئے جان کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرینگے۔ ہم ہر قسم کی ہنگامی حالت کیلئے تیار ہیں۔ منصور الترکی نے کہا کہ 90فیصد عازمین مکہ مکرمہ سے منیٰ پہنچے ہیں جبکہ ایک لاکھ کے قریب عازمین براہ راست عرفات پہنچیں گے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حج سیکیورٹی فورس کے ترجمان کرنل سامی الشویرخ نے کہا ہے کہ امسال پہلی مرتبہ ڈرون کے ذریعے سیکیورٹی مقاصد حاصل کئے جائیں گے۔ یہ ڈرون مکہ مکرمہ کے علاوہ منیٰ اور مشاعر مقدسہ میں استعمال کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مقدس شہر کے چاروں طرف تفتیشی چوکیوں کے اہلکاروں نے ہفتہ تک 253263افراد کو واپس کیا ہے جو بغیر اجازت نامے کے حج کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ اسی طرح اجازت نامے کے بغیر ارض مقدس جانے والی 1911000گاڑیوں کو واپس کیا گیا ہے۔ دوسری جانب وزیر حج کے مشیر حاتم قاضی نے کہا ہے کہ امسال مکہ مکرمہ میں حاجیو ںکیلئے 3400رہائشی عمارتیں فراہم کی گئی ہیں۔ وزارت ححج نے میدان عرفات میں 2لاکھ خیمے نصب کئے ہیں۔ ہنگامی صورتحال کیلئے 300خیمے نصب کئے گئے ہیں جو میدان عرفات میں مریضوں کیلئے مختص ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشاعر مقدسہ ٹرین کے ذریعے 3لاکھ50ہزار عازمین کو منیٰ سے عرفات لیجایا جائیگا۔