وزارت داخلہ کے ترجمان جنرل منصور الترکی نے کہا ہے کہ اس بات میں کوئی صداقت نہیں کہ عرفات میںکسی قسم کی تخریب کاری کی کوشش کی گئی۔ سیکیورٹی اداروں کو ایک پیکٹ کے متعلق شک ہوگیا تھا مگر تلاشی لینے کے بعد معلوم ہوا کہ وہ دھماکہ خیز مواد نہیں۔سبق ویب سائٹ کے سوال پر جنرل منصور الترکی نے کہا میدان عرفات میں ایک سیکیورٹی ادارے کے کیمپ کے قریب دھماکہ خیز مواد کے انکشاف کی خبر بے بنیاد ہے۔ حقیقت اس کے سوا کچھ نہیں کہ سیکیورٹی اداروں نے شک کی بنیاد پر ایک جگہ کی تلاشی لی تو وہاںکوئی خطرناک مواد نہیں ملا۔ ایک پیکٹ میں کچھ چیزیں اس طرح سے تاروں میں بندھی ہوئی تھیں جنہیں دیکھ کر گمان ہوتا ہے کہ وہ دھماکہ خیز مواد ہیں۔ واضح رہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب وزارت داخلہ کے ترجمان کی طرف سے اعلامیہ جاری ہوا جس میں وضاحت کی گئی کہ میدان عرفات میں کسی قسم کی کوئی تخریب کاری کی کوشش نہیں ہوئی۔