ایرانی حج و اوقاف کے ادارے کا یہ دعویٰ بالکل بے بنیاد ہے جس میں کہا گیا کہ حج انتظامیہ ایرانی حجاج کے لئے مختص خیموں کو کرایہ پر دے کر پیسہ کما رہی ہے۔ایران نواز میڈیا نے عربی اور انگریزی کے علاوہ دیگر زبانوں میں حج انتظامیہ کو بدنام کرنے کی مہم چلا رکھی ہے۔ ایران نواز میڈیا کا دعویٰ ہے کہ وزارت حج و عمرہ کے علاوہ حج انتظامیہ نے ایرانی حجاج کے خیموں کو دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے حجاج کو کرائے پر دے دیا ہے۔ الوطن اخبار کے نمائندے نے منیٰ میں ایرانی حجاج کےلئے مختص خیموں کا دورہ کرکے ثابت کیا ہے کہ ایرانی حجاج کے لئے مختص خیمے نہ صرف خالی پڑے ہیں بلکہ حج انتظامیہ نے خیموں کو تمام سہولتوں سے آراستہ کردیا ہے۔ نمائندے کا کہنا ہے کہ امسال ایران کی ہٹ دھرمی کے باعث ایرانی حجاج کی حج سے محرومی کی اطلاع بہت پہلے مل چکی تھی مگر اس کے باوجود حج انتظامیہ نے ایرانی حجاج کے خیموں کو تمام سہولتوں سے آراستہ کرنے کا اسی طرح اہتمام کیا جس طرح ہرسال کیا جاتا ہے۔ ایرانی حجاج کے خیموں میں پانی و بجلی موجودہے اس کے علاوہ کارپٹ بچھائے گئے ۔ ان کی تعداد کے مطابق تکیے ، بستر اور کمبل رکھے گئے یہاں تک کہ ٹھنڈے پانی کے کولر بھی وہاں موجود تھے۔ ایرانی حجاج کے خیموں کی تصاویر سے ایران نواز میڈیا کی من گھڑت کہانی کا بھانڈا پھوٹتا ہے۔ 80ہزار ایرانی حجاج کی خدمت کے لئے 12دفاتر کھولے جاتے تھے تاہم امسال ایرانی حجاج کے نہ آنے کے باوجود وزارت نے 3دفاتر کھولے ہوئے تھے۔