حج سیکیورٹی فورس کے سربراہ جنرل خالد الحربی نے کہا ہے کہ امسال حج منصوبے میںغیرمعمولی کامیابی کا راز حکومتی اور نجی اداروں کی ہم آہنگی ہے۔جس طرح عسکری اداروں نے امن و امان برقرار رکھنے کی کوشش کی اسی طرح حج انتظامیہ کے مختلف اداروں نے اپنے حصے کا کام کرکے حج منصوبے کو غیرمعمولی کامیابی دی۔ موسسة جنوب ایشیا کے ادارے کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حج اداروں کی منظم منصوبہ بندی کے علاوہ سیکیورٹی اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے سے حجاج پریشانی سے بچ جاتے ہیں۔ انہوں نے موسسة جنوب ایشیا کی منظم منصوبہ بندی اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا یہ ادارہ لاکھوں حجاج کی خدمت کررہاہے۔ ملاقات میںموسسة جنوب ایشیا کے سربراہ ڈاکٹر را¿فت بن اسماعیل بدرکے علاوہ ادارے کے دیگر ذمہ داران موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ حج منصوبہ ناصرف سیکیورٹی لحاظ سے کامیاب تھا بلکہ تنظیمی اعتبار سے بھی کامیاب قرار دیا جارہا ہے۔ حج اداروں نے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے۔حقیقت یہ ہے کہ حجاج کی خدمت کرنے والے ہرفرد نے اپنے دائرہ کار میں انتہائی خلوص اور دیانتداری کے ساتھ محنت کی ہے۔کسی ایک ادارے کو سراہنااور دوسرے کا ذکر نہ کرنا زیادتی ہوگا۔ اس لئے کسی خاص ادارے کا ذکر کئے بغیر یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ حج منصوبے کی غیرمعمولی کامیابی میں ان تمام افراد کا کردار ہے جنہوں نے کسی نہ کسی طرح حجاج کی خدمت کی ہے۔ حج منصوبے کی کامیابی پر ان تمام افراد کا شکریہ جنہوں نے اپنی محنت سے اسے کامیاب بنایا ہے۔