گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے حج منصوبے کی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حجاج کا منیٰ سے عرفات ، عرفات سے مزدلفہ اور پھر وہاں سے دوبارہ منیٰ روانگی انتہائی پرسکون انداز میں ہوئی ۔ انہوں نے حج منصوبے کی کامیابی پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز ، ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف کو مبارکباد پیش کی۔اپنے خطاب میں انہوں نے حج منصوبے کو کامیاب بنانے پر تمام اہلکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان نوجوانوں کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے اس سے پہلے حج کرلیا ہے انہیں چاہیے کہ ایثار کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان لوگوں کو موقع دیں جو اس فریضے کی ادائیگی سے محروم ہیں ۔ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ بہت جلد اسمارٹ سٹی کے طور پر جانے جائیں گے۔غیرقانونی حج کے انسداد کی کوششوں کو سراہتے ہوئے گورنر مکہ مکرمہ نے کہا کہ امسال اجازت نامے کے بغیر حج کرنے والوں کی تعداد 5فیصد ہے جبکہ گزشتہ سال 9فیصد تھی۔امید ہے کہ آئندہ برسوں میں یہ شرح صفر ہوجائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کسی زمانے میں داخلی حجاج میں سے 70فیصد غیرقانونی ہوا کرتے تھے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ غیرقانونی حج کے انسداد کی کوششیں کامیاب ہیں۔ اجازت نامے کے بغیر حج کرنا دھوکے بازی کے مترادف ہے، قانون توڑنے والے خود اپنا احترام نہیں کرتے ،یہ لوگ قابل احترام نہیں۔شہزادہ خالد الفیصل نے کہا کہ اس ملک کی قیادت ، حکومت اور عوام سے حسد کرنے والوں کی کمی نہیں مگر حسد کرنے والوں کی تعداد میں جس قدر اضافہ ہوتا ہے اتنا ہی اس ملک کی عزت و وقار میں اضافہ ہوتا ہے۔ مشاعر مقدسہ میں حجاج کی خدمت کرنے والے اہلکار ہمارا سرمایہ ہے، ان کی خدمات کو دیکھ کر ہمارا سر فخر سے بلند ہوجاتا ہے۔