گورنر مکہ مکرمہ اور خادم حرمین شریفین کے خصوصی مشیر شہزادہ خالد الفیصل نے کہا ہے کہ ایرانی حکومت اپنی سرزمین میں موجود شہریوں کو حج سے منع کرسکتی ہے مگر بیرون ملک ایرانیوں کو بیت اللہ آنے سے نہیں روک سکتی۔ ایرانی حکومت کی ہٹ دھرمی کے باوجود متعدد ایرانی شہریوں نے حج کی سعادت حاصل کی۔ یہ وہ ایرانی شہری ہیں جو بیرون ملک مقیم ہیں، وہ اپنی حکومت کی ہٹ دھرمی سے بخوبی واقف ہیں۔منع کرنے کے باوجود وہ اللہ کے گھر حاضر ہوئے اور حج کی سعادت حاصل کی۔ سعودی عرب نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے اپنے دروازے کھولے ہوئے ہیں۔ وہ فکری اور مسلکی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تمام حجاج کی یکساں خدمت کرتا ہے۔ سعودی عرب نے حج کو کبھی بھی سیاسی اغراض و مقاصد کے حصول کا ذریعہ نہیں بنایا۔ وہ حجاج کرام کی مفادات سے بالاتر ہوکر خدمت کرتا ہے۔ سعودی عرب حج جیسے مقدس فریضے کو سیاسی مقاصد کے حصول کا ذریعہ بنانے کی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے کہا کہ مشاعر مقدسہ میں سیکیورٹی فورس انسانیت اور اخلاقی بنیادوں پر حجاج کی خدمت کررہے ہیں۔ وہ محض اللہ کی رضا کے حصول کے لئے ضیوف الرحمن کی خدمت کرتے ہیں۔ گورنر مکہ مکرمہ نے کہا کہ مناسک حج کی ادائیگی کو آسان بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جارہی ہے۔ ہم بہت جلد مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ کو اسمارٹ سیٹیز بنائیں گے۔