Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
ہفتہ ، 26 جولائی ، 2025 | Saturday , July   26, 2025
ہفتہ ، 26 جولائی ، 2025 | Saturday , July   26, 2025

سعودی صحرا میں برفباری کی غیر ملکی میڈیا میں دھوم

اے بی سی نیوز نےتبوک کے برف پوش علاقے پر ویڈیو رپورٹ جاری کی ہے ( فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی صحرا میں برفباری کے مناظر نے غیر ملکی ذرائع ابلاغ کو ششدر و حیران کر دیا ہے۔ 
کئی روز سے تبوک اور نیوم میں برفباری کے وڈیو کلپ سحر آفرین ماحول کی منظر کشی کر رہے ہیں۔

 ایک جانب برفباری ہو رہی ہے تو دوسری طرف اونٹ صحرا میں گھومتے پھرتے اور چرتے نظر آرہے ہیں۔

اخبار 24 کے مطابق اے بی سی نیوز نے سعودی عرب کے شمال مغربی صوبے تبوک کے برف پوش علاقے میں اونٹوں کو چرتے ہوئے دکھایا ہے۔
امریکہ کے اس مشہور نیٹ ورک نے اپنے ناظرین کی توجہ اس امر کی جانب دلائی کہ زبردست طوفان نے سعودی صحرا کو موسم سرما کی سرزمین میں تبدیل کر دیا ہے۔

تبوک سعودی عرب کے سرد ترین مقامات میں سے ایک ہے۔ اے بی سی کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ پر تبوک کی برفباری کے مناظر بہت زیادہ پسند کیے جارہے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق نیوم کے وڈیو کلپ نے بیرونی میڈیا میں دھوم مچا دی ہے۔ وڈیوکلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نیوم کا علاقہ زبردست برف باری کے حصار میں ہے۔

 اوپر سے بادل پورے علاقے اور بلند و بالا پہاڑوں کی چوٹیوں پر چھائے ہوئے ہیں۔
فوٹو گرافر نے نیوم کی وادیوں، فلک بوس پہاڑوں پر چھائی ہوئی برف کی چادر کی منظر کشی بڑے دلکش انداز میں کی ہے۔ کہیں کہیں وڈیو کلپ میں پہاڑی پودے بھی آنکھ مچولی کرتے نظر آرہے ہیں۔
 

شیئر: