Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
ہفتہ ، 26 جولائی ، 2025 | Saturday , July   26, 2025
ہفتہ ، 26 جولائی ، 2025 | Saturday , July   26, 2025

زائرین کے استقبال سے پہلے فرضی عمرے کا اہتمام

حرم مکی شریف انتظامیہ نے عمرہ زائرین کے استقبال کی تیاریوں کے ضمن میں فرضی عمرہ کا اہتمام کیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق زائرین کے استقبال، حرم میں داخلہ، طواف اور سعی کے بعد محفوظ طریقے سے حرم سے نکلنے کی استعداد جاننے کے لیے تجربہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مسجد الحرام اتوار سے عمرہ زائرین کے لیے کھول دیا جائے گا جہاں اعتمرنا ایپ کے ذریعہ وقت لینے والے شہری و غیر ملکی عمرہ ادا کریں گے۔

حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ  ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے کہا ہے کہ ’زائرین حرم کی سلامتی کے لیے انتظامیہ نے عمرے کا فرضی تجربہ کر کے متعدد تیاریوں کا جائزہ لیا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’تجربے کے دوران اس بات کا جائزہ لیا گیا ہے کہ عمرہ زائرین کا استقبال کیسے ہوگا، کس طرح وہ محفوظ طریقے سے مناسک ادا کریں گے، کن دروازوں سے داخل ہوں گے اور کن سے باہر جائیں گے‘۔

’تجربے کے دوران اس بات کا بھی جائزہ لیا گیا کہ مناسک کی ادائیگی کے دوران کسی شخص میں کورونا کی علامات پائی جائیں تو کیا کیا جائے گا‘۔
دوسری طرف حرم مکی شریف انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’مطاف کا پورا علاقہ طواف کے لیے مخصوص ہوگا‘۔

’مطاف میں بیٹھنے یا نماز پڑھنے کی اجازت ہرگز نہیں ہوگی، یہ علاقہ طواف کرنے والوں کے لیے ہر وقت خالی رہے گا‘۔

انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’عمرہ زائرین اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کرنے کے پابند ہوں گے، نماز کے لیے مختص جگہوں پر ہی نماز پڑھیں گے‘۔

’عمرہ ادا کرنے کے بعد حرم میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی، مناسک کی ادائیگی کے بعد زائرین کو اپنے گروپ کے ساتھ حرم سے نکلنا ہوگا‘۔

شیئر: